توشہ خانہ پر ڈاکہ زنی نے ن لیگ ، پی پی پی اور پی ٹی آئی کو بے نقاب کردیا،لیاقت بلوچ


لاہور،راولپنڈی(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی سیاسی قومی امور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ توشہ خانہ پر ڈاکہ زنی نے مسلم لیگ ، پی پی پی اور پی ٹی آئی کو بے نقاب کردیا ہے۔ نواز ، زرداری جو اپنے دورِ اقتدار میں کرتے رہے وہی جرم عمران خان نے بھی کیا ہے عملًا تینوں جماعتوں کے نام اور بیانئے الگ الگ ضرور ہیں لیکن سیاست ، کام ، اسلوبِ حکمرانی ، اختیارات کا ناجائز استعمال کا کلچر ایک جیسا ہی ہے۔

منصورہ لاہور میں مشاورتی اجلاس اور گجرات ، راولپنڈی میں سیاسی انتخابی کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ فوج کے سربراہ کی تقرری کے لئے اتحادی حکومت اورعمران خان اپنے بے جا اور جذباتی موقف ، چھپی خواہشات کے اظہار سے اپنے آپ کو بے توقیر کر لیا ہے۔ ریاستی آئینی اداروں کے سربراہوں کی تقرری کے لئے ذاتی پسند اور ناپسند نہیں قومی وقار، قانون میرٹ اور سنیارٹی کو پیش نظر رکھا جائے۔ آئی جی ، چیف سیکرٹری تقرری کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے سول اور پولیس سربراہوں کو تباہ کر دیا ہے ۔ اداروں کے سربراہ ہی متنازع ہونگے تو نظام جام ہی رہے گا ، گروہ بندیاں چاپلوسی روگ بنتی جائے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مغربی تہذیب اور سرمایہ دارانہ نظام انسانیت کی تذلیل اور قوموں کے استحصال کا بڑا حربہ بن گیا ہے۔ امریکہ اور یورپ ،ورلڈ بنک ، آئی ایم ایف اور دیگر عالمی اداروں کے ذریعے استحصالی سرمایہ دارانہ نظام کی نگہبانی کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کے لئے بہت اہم موقع پیدا کیا ہے کہ آئین اوروفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر عملدرآمد کرتے سود کا خاتمہ کیا جائے، وفاقی حکومت دھوکہ بازی کی بجائے تمام اپیلیں واپس کرائے اور خود انحصاری ، اسلام کے معاشی اصولوں کے مطابق نیا اقتصادی نظام لائے۔حکومتی رویہ ظاہر کر رہا ہے کہ اس کے دعوے زبانی ہیں عملًا کوئی پیش رفت کرنے کے لئے تیار نہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کے باوجود بھی بے یقینی ، ہیجانی صورتِ حال ختم نہیں ہو گی، قومی سیاسی جمہوری قیادت کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے انتخابی اصلاحات ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد اور اسٹیبلشمنٹ کی انتخابی عمل سے بے دخلی کو یقینی بنائے۔ دعوؤں کی اونچی دکان اور اسٹیبلشمنٹ کی دہلیز پر سجدہ ریزی کا پھیکا پکوان تباہی لائے گا۔