اسلام آباد(صباح نیوز)گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے ایک حالیہ سروے کے مطابق ساٹھ فیصد افراد نے گزشتہ چند دنوں میں دن میں کم از کم ایک گھنٹہ سماجی رابطوں کی ایپ واٹس ایپ استعمال کرنے میں گزارا۔ سروے میں ملک بھر میں شماریاتی طور پر خواتین و حضرات سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ ”گزشتہ دنوں کے حوالے سے سوچتے ہوئے بتائیں کہ دن کا کتنا حصہ آپ نے واٹس ایپ پر صرف کیا؟ ۔
اس سوال کے جواب میں چالیس فیصد جواب دہندگان کے مطابق گزشتہ دنوں میں انہوں نے واٹس ایپ پر کوئی بھی وقت نہیں گزارا۔ انیس فیصد جواب دہندگان کے مطابق گزشتہ دنوں میں انہوں نے دن میں تقریباً ایک گھنٹہ واٹس ایپ استعمال کرنے میں گزارا، انیس فیصد جواب دہندگان کے مطابق انہوں نے دن میں دو گھنٹے واٹس ایپ استعمال کرنے میں گزارے۔ تین فیصد جواب دہندگان کے مطابق انہوں نے دن میں تین گھنٹے واٹس ایپ استعمال کرنے میں گزارے،تین فیصد جواب دہندگان کے مطابق انہوں نے دن میں چار گھنٹے واٹس ایپ استعمال کرنے میں گزارے۔
پانچ فیصد جواب دہندگان کے مطابق انہوں نے دن میں پانچ گھنٹے واٹس ایپ استعمال کیا جبکہ گیارہ فیصد جواب دہندگان کا کہنا تھاکہ گزشتہ دنوں میں انہوں نے دن میں پانچ سے زائد گھنٹے واٹس ایپ استعمال کرنے میں گزارے۔ اوسطاً مرد حضرات جو دن میں تقریباً تین گھنٹے واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں کے مقابلے میں خواتین دن میں تقریباً پانچ گھنٹے واٹس ایپ کا استعمال کرتی ہیں۔ عمر میں اضافے کے ساتھ واٹس ایپ کے استعمال میں کمی نظر آئی ہے جیسے کہ اٹھارہ سے تیئس سال کی عمر کے افراد دن میں تقریباً سات گھنٹے واٹس ایپ استعمال کرنے میں گزارتے ہیں۔
چوبیس سے تیس سال کی عمر کے افراد دن میں تقریباً تین گھنٹے،اکتیس سے چالیس سال کی عمر کے افراد دن میں تقریباً چار گھنٹے اور پچاس سال سے زائد عمر کے افراد دن میں تقریباً دو گھنٹے واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں۔گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کا حالیہ سروے گیلپ انٹرنیشنل سے منسلک گیلپ اور گیلانی پاکستان کی مدد سے کیا گیا۔ یہ سروے پاکستان کے چاروں صوبوں کی دیہی و شہری آبادی کے 1051 مرد و خواتین سے کیا گیا ہے ۔غلطی کے امکان کا تخمینہ شماریاتی طور پر 95 فیصد کے ساتھ تقریباً دو سے تین مثبت منفی لگایا گیا ہے ۔اس سروے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کا طریقہ فون انٹرویو تھا اور یہ سروے 29 اکتوبر 2022ء سے 2 نومبر 2022ء کے درمیان منعقد ہوا۔