سیاسی پارٹیوں کے اندر جمہوریت کا نا ہو نا المیہ اور ملک کی تباہی کی سب سے بڑی وجہ ہے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی باتیں کرنے والے اپنی پارٹیوں کے اندر جمہوریت کوقائم نہیں کر سکے ۔ان پارٹیوں میں کلیدی عہدوں پر موروثیت ہی نظر آتی ہے ۔سیاسی پارٹیوں کے اندر جمہوریت کا نا ہونا المیہ اور ملک کی تباہی کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے حصول کی خاطر اداروں کی طرف دیکھنا ، ا نہیں بدنام کرنا ، جھوٹے اور من گھڑت بیانیے بنا کر چڑھائی کرنا، ملک کے اندر انتشار پھیلانا ، اضطراب کی کیفیت طار ی کرنا اور سفارتی تعلقات خراب کرنا شرمناک اقدامات ہیں۔ سائفر اور ایبسلوٹلی ناٹ کے بیانیے والے امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیک چکے ہیں۔ملک کے حالات کو ذاتی مفاد کی خاطر بند گلی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ ملک ہے تو سب کچھ ہے۔ حالات کو پوائنٹ آف نو ریٹرن تک نہیں لے جانا چاہئیں۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں ہی موجودہ حالات کی ذمہ دار ہیں ۔

انہوں نے عوام کی زندگی مصائب کا مسکن بن چکی ہے۔ سوئی سدرن کی جانب سے صنعتوں کے لیے 15نومبر سے تین ماہ کے لیے گیس کی سپلائی بند کرنے کا اعلان تشویشناک ہے۔ اس سے صنعتیں مستقل بند اور کروڑوں لوگ بے روزگار ہوجائیں گے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کہ حکمرانوں نے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرنے کی قسم کھارکھی ہے ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں اور ڈنگ ٹپائو اقدامات کے باعث ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں،کرپشن اور خرد برد کی داستانیں زبان زد عام ہیں۔ احتساب کا سارے کا سارا نظام ہی سیاسی انتقامی کارروائی تک محدود رہ گیا ہے۔