قومی کرکٹ ٹیم نے بہادری سے مقابلہ کیا، انگلینڈ کو فتح پر مبارک باد دیتے ہیں، شہباز شریف


لندن(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی جبکہ قومی ٹیم کے لئے کہا کہ انہوں نے بہادری سے مقابلہ کیا۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو فیصلہ کن معرکے میں 5 وکٹ سے شکست دے کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

قومی ٹیم کی شکست پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ پاکستانی ٹیم نے سخت اور بہادری سے مقابلہ کیا، شاندار باؤلنگ پرفارمنس دی گئی لیکن انگلینڈ نے   بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ اس میگا ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں جگہ بنانے پر ہمیں اپنے لڑکوں پر فخر ہے۔