حالات ہاتھ سے نکلنے پرگورنر راج کی آئین میں جگہ موجود ہے،بلیغ الرحمان


لاہور(صباح نیوز)گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ امن وامان کی صورت حال اور حالات ہاتھ سے نکلنے  پرگورنر راج کی آئین میں جگہ موجود ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبے میں گورنر راج کا امکان مسترد نہیں کیا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ گورنر راج ناممکنات میں نہیں ،غیر آئینی بھی نہیں البتہ انتہائی قدم ہے ،

صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ امن وامان کی صورت حال اور حالات ہاتھ سے نکلنے  پرگورنرراج کی آئین میں جگہ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے گورنر ہاؤس پرحملہ کیا گیا،گیٹ کو  آگ لگائی گئی، چند لوگوں نے گورنر ہاؤس کے اندرگھنسے کی کوشش کی، جس طرح امن و امان کو ہاتھ میں لیا جا رہا ہے یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ گورنر ہاس پنجاب پر حملہ درحقیقت ملک کی تاریخ کے بدترین واقعات میں سے ایک ہے اور پاکستان میں بری مثالوں میں سے ایک مثال ہے۔

دوسری جانب گورنرہاؤس کی سکیورٹی کے لیے  رینجرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، یہ فیصلہ 4 نومبرکو پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران گورنرہاؤس کے دروازے کو آگ لگانے کے باعث کیا گیا۔