سابق حکومت کا اسرائیل سے تعلقات کے حوالے سے اسرائیلی اخبار کا دعویٰ ،دفتر خارجہ وضاحت دے.محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اسرائیلی اخبار” ہرٹز ” کی خبر پر تشویش ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان یہودی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے قریب پہنچ گیا تھا ۔دفتر خارجہ حقائق سے قوم کو آگاہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل دنیا کا سب سے بڑے دہشت گرد ملک ہے۔ جس نے امریکہ اور بھارت کے ساتھ مل کر لاکھوںمسلمانوں کو شہید کیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی خبروں پر پوری قوم تشویش میں مبتلا ہوگئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا امن خراب کرنے میں شیطانی تکون کا بنیادی کا بنیادی کرداررہا ہے۔ ان کے الہ کار بھی گناہوں میں برابر کے شریک ہیں۔ افغانستان ،عراق ، پاکستان ، کشمیر میں ظلم کی داستانیں رقم کی گئیں، مگر مجال ہے کہ اقوام متحدہ سمیت کسی ایک ملک کو بھی یہ بربریت نظر آئی ہو۔ دنیا کو تعصبات کا رویہ ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا ۔ کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اللہ اور اس کے رسولۖ کا نظام ہی کامیابی سے چل سکتا ہے اور اس نظام کے نفاذ کے لیے صرف اور صرف جماعت اسلامی پوری یکسوئی کے ساتھ کوشش کررہی ہے۔ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے بھی اسرائیلی اخبار کی خبروں کے بعد بے نقاب ہوچکے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے۔ حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ بد قسمی سے پاکستان کی 74سالہ تاریخ میں جو بھی بر سر اقتدار آیا ہے اس نے مغربی آقائوں کے اشاروں پر ہی کام کیا۔ جب تک قوم ان لوگوں کو مسترد نہیں کرے گی اس وقت پاکستان اسلام کا قلعہ نہیں بن سکتا۔ عوام کی زندگی میں خوشی اور ملک ترقی نہیں کرسکتا۔