سکھوں کے مقدس گوردوارہ کے گنبد سے پیتل اور چھت کے دیگر سامان کی چوری کے واقعہ کاحکام نوٹس لے کر مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچا ئیں،قیصر شریف


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہا ہے کہ بھائی پھیرو میں سکھوں کے مقدس گوردوارہ کے گنبد سے پیتل اور چھت کے دیگر سامان کی چوری کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور حکام سے اس واقعہ کا نوٹس لے کر مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی شہرت کے حامل سکھ برادری کے گوردوارہ سے چوری حکام کی غفلت کا نتیجہ ہے اور واقعہ جسے سولہ دن گزر گئے کی تاحال ایف آئی آر بھی درج نہیں ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اقلیتوں کے حقوق اور ان کے مقدس مقامات کی حفاظت کرے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے توانا آواز بلند کی۔