شرم الشیخ(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جورجیوا سے ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے کہا کہآئی ایم ایف پروگرام پورا کریں گے،آئی ایم ایف کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مصر کے دورہ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جورجیوا سے ملاقات بھی ہوئی، ملاقات موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے منعقدہ کوپ 27 سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پورا کریں گے،آئی ایم ایف کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سیلاب متاثرین کی فوری مدد اور بحالی کے لئے بجٹ تخمینوں میں تبدیلی لائے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا، عالمی کساد بازاری کے بعد سیلاب کی صورتحال کے پاکستان کی معاشی بحالی کی رفتار پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ عوام کی جان بچانا اور متاثرین سیلاب کی بحالی پہلی ترجیح ہے، امید ہے کہ کوپ 27 کانفرنس موسمیاتی انصاف دلانے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔