اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مقدمہ میں ہمیں نامزد کرنے کا شوق پورا کر لیں، ہم شامل تفتیش ہونے کیلئے تیار ہیں، عمران خان کو چار گولیاں نہیں لگی۔
یہ بات انھوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وزیر آباد میں فائرنگ کے دوران عمران خان کو چار گولیاں نہیں لگی، عمران خان کا غیر جانبدار میڈیکل بورڈ سے چیک اپ کروایا جائے، اگر چار گولیاں عمران خان کو لگی ہو تو میں سیاست چھوڑ دونگا، ورنہ عمران کو چھوڑنی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج ایک منظم ادارہ ہے، کوئی فرد ادارے کی پالیسی کے خلاف جا نہیں سکتا، اگر کوئی جائے گا تو وہ اس سے بچ نہیں سکتا، وزیر داخلہ نے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان کافی ہے، صوبائی حکومت نے مٹھی بھر لوگوں کو احتجاج پر لگایا ہوا ہے، صوبائی پولیس ان مٹھی بھر لوگوں کو سہولت فراہم کر رہی ہے، عمران خان فتنہ فساد اورانارکی پھیلانا چاہتا ہے، عمران خان نے اسی لئے تین نام چنے۔
وزیر داخلہ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جوڈیشری ، پاک فوج کو ایسی سیاست کیلئے استعمال کرنا ملک کیلئے تباہ کن ہے،ملزم نوید کو تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہی پکڑوایا ہے، جتنی مرضی تفتیش ہو جائے عمران خان پر حملے کا اصل ملزم نوید ہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے حکومت کی چار نومبر سے تیاری پوری تھی یہ لانگ مارچ کرنے میں لیٹ ہو گئے۔