وزیراعظم کی یواے ای صدر اوریورپی یونین کمشنرسے الگ الگ ملاقاتیں


شرم الشیخ(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان اور  یورپی یونین کمشنر ارسلا وون ڈر لئیئن کے درمیان الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں، وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی فراخ دلانہ امداد پردونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ  موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا تنہا ترقی پزیر ممالک کے بس میں نہیں، عالمی برادری کو مل کر کرہ ارض کی بقا کا مشترکہ چارٹر بنانا ہوگا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان کی مصر میں کوپ 27 سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی فراخ دلانہ امداد پر یو اے ای کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئے کوپ 27 کے عزم کو نیک شگون قرار دیا۔ وزیراعظم نے گفتگو میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا تنہا ترقی پزیر ممالک کے بس میں نہیں، عالمی برادری کو مل کر کرہ ارض کی بقا کا مشترکہ چارٹر بنانا ہوگا۔  وزیراعظم شہباز شریف نے کوپ 27 کانفرنس کے اغراضِ ومقاصد کے لئے عالمی برادری بالخصوص اسلامی دنیا کے عزم کا خیرمقدم بھی کیا جبکہ  دونوں راہنماؤں کا باہمی مفاد کے مشترکہ مقاصد کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق بھی کیا۔

دوسری جانب    وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی یونین کمشنر ارسلا وون ڈر لئیئن سے بھی الگ ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے یورپی یونین ممالک کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے جذبے کو سراہا۔ وزیراعطم کا کہنا تھا کہ  پاکستان اور یورپی یونین مشترکہ مقاصد کے حصول میں اہم شراکت دار ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی اتحاد ضروری ہے، ترقی پذیر ممالک آج جن اثرات کا مقابلہ کر رہے ہیں، کل تمام دنیا کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

وزیر اعظم نے فاٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے میں یورپی ممالک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ  یورپی یونین اور پاکستان میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کی بہت گنجائش موجود ہے۔  یورپی یونین کی کمشنر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے لئے متحدہ کوششوں سے اتفاق کیا۔