عمران خان پر حملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں،قمر زمان کائرہ


لاہور(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ  نے  عمران خان پر حملے سے متعلق کہا ہے کہ ملزم آپ کے پاس ہے، حکومت آپ کے پاس ہے، کمیشن بنالیں، حکومت آپ کی، وزیراعلیٰ آپ کا، پھر بھی ایف آئی آر نہیں کٹتی، فل کورٹ کمیشن بنانے پر وزیراعظم کا بیان بہت اچھا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کسی بھی جرم میں بے گناہ افراد کو ملوث کرنا مناسب نہیں، خان صاحب کے بیانات بھی کسی کی سمجھ میں نہیں آ رہے، ہم آپ کے سب نخرے اٹھاتے رہے ہیں، ہم نے کئی مرتبہ کہا آئیے بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، افسوس ابھی تحقیقات ہوئی نہیں تھیں کہ گرد اڑانا شروع کر دی گئی، یہ تو شکر ہے کہ حملہ آور زندہ پکڑا گیا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اتنی گرد اڑا دی گئی ہے کہ حقائق چھپ رہے ہیں، سوشل میڈیا کی ٹیکنیک سب کے سامنے ہے، عمران خان کو لانگ مارچ کرنے سے کسی نے نہیں روکا تھا۔ پی پی رہنما نے کہا کہ میرا خیال تھا ہم سب کو ان کی عیادت کے لیے جانا چاہیے تھا۔