ملک میں آگ لگانے والے وطن عزیز کے محسن نہیں ہو سکتے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملک گیر پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں آگ لگانے والے وطن عزیز کے محسن نہیں ہو سکتے،فارن فنڈد فتنہ کی ذہنیت نے ملک کو تقسیم کر دیا،عوام نے انتشار اور فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

وزارت اطلاعات نشریات کی جانب سے جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے جلائو گھیرائو، توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آگ لگانے والے ملک کے محسن نہیں ہو سکتے، سرکاری املاک کو حملہ کرنے والے ملک کے دوست نہیں ہو سکتے ،فارن فنڈد فتنہ کی ذہنیت نے ملک کو تقسیم کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈد فتنہ کی انتشار ، شدت پسندی اور تقسیم کی سیاست ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہا ہے، سوال یہ ہے کہ ابھی تک پنجاب حکومت نے ایف آئی آر کیوں نہیں کاٹی، فارن فنڈڈ فتنہ کسی بھی سرکاری ہسپتال سے رپورٹ نہیں لکھوا رہے ، جو قانون ہے فارن فنڈڈ فتنہ اپنا میڈیکو لیگل کے قانونی ضابطوں کو پورا نہیں کر رہا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ  فارن فنڈڈ فتنہ الیکشن نہیں خانہ جنگی چاہتا ہے جس کا مظاہرہ ہر روز چاہتا ہے، فارن فنڈڈ فتنہ پاکستان کا نام فاٹف سے نکلنے کے خلاف جنگ کر رہا ہے،فارن فنڈڈ فتنہ کی پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے خلاف جنگ ہے، ملک میں سب امن امان ہے الحمدللہ۔ وزیر اطلاعات نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ  عوام نے انتشار اور فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔