دبئی /تہرن/دوحہ /اسلام آباد(صباح نیوز)متحدہ عرب امارات نے کہاہے کہ دہشتگردی اور تشدد کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ ایران اور قطر کی وزارت خارجہ نے عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کے تناظر میں تشدد کے استعمال کو مسترد کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے مجرمانہ اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات کے تناظر میں تشدد کے استعمال کو مسترد کرتے ہیں اور عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ نے بھی عمران خان اور دیگر کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے جبکہ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر نے بھی عمران خان پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے تھے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ شوکت خانم اسپتال میں زیر علا ج ہیں۔