سینئر صحافی ارشد شریف سے متعلق تمام شواہد اور ثبوت اکٹھے کر لیے ،مراد سعید کا دعویٰ


پشاور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ ارشد شریف سے متعلق تمام شواہد اور ثبوت اکٹھے کرکے رکھ چکا ہوں۔

رہنما پی ٹی آئی اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو تین گولیاں لگی ہیں، گولیاں لگنے کے باجود عمران خان کارکنوں کے حوصلے بلند کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو قتل کرنے کی سازش ہوئی تھی، عمران خان پر حملہ کرنے والے کی ویڈیو کون ریکارڈ کرکے شیئر کر رہا تھا۔ مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر کریش کی خبر سنی ہوگی، ہیلی کاپٹر میں تیل بھروانے کی اتھارٹی کس کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے راستے سے ہٹانے سے کہانی ختم نہیں ہوگی، سچ کسی اور طریقے سے سامنے آجائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ میں خود پیش ہو کر چیف جسٹس کے سامنے حقائق رکھوں گا، ارشد شریف پر جو ایف آئی آر درج ہوئی اسکی کہانی بھی بہت لمبی ہے۔مراد سعید نے کہا کہ ارشد شریف ملک چھوڑنے پر مجبور ہوجاتے ہیں، ارشد شریف کے ویزوں کی بات ہورہی ہے، جانے کی بات ہورہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ نے چیف جسٹس کو درخواست دی ہے، ان کی والدہ کے مطالبے پر کمیشن بنا تو شواہد سامنے رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف سے متعلق تمام شواہد اور ثبوت اکٹھے کر کے رکھ چکا ہوں، ارشد شریف کو کہاں سے دھمکیاں مل رہی تھیں؟ مراد سعید نے مزید کہا کہ ارشد شریف کی شہادت کو آدھے گھنٹے کے اندر حادثہ قرار دے کر واٹس ایپ پر شئیر کیا گیا، کچھ سوال ہیں جنہیں قوم کے سامنے رکھنے کیعلاوہ کوئی چارہ نہیں رہا۔