وزیراعظم کا دورہ چین کامیاب رہا،مسئلہ کشمیر پر بیجنگ کا موقف مستقل اور دوٹوک ہے ،پاکستان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کرے، ترجمان دفتر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کو کامیاب رہا،مسئلہ کشمیر پر بیجنگ کا موقف مستقل اور دوٹوک ہے ۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخاراحمدنے گزشتہ روز صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی جاری ہے جس کی پاکستان کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ معصوم کشمیریوں پر اس کے بے لگام وحشیانہ جبر کا ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ صرف اکتوبر کے مہینے میں بھارتی قابض افواج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں 14کشمیریوں کو جعلی مقابلوں اور غیر قانونی حراست میں شہید کیا۔ ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف مستقل اور واضح طور پر بیان کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ بیجنگ کے دوران دستخط کیے گئے حالیہ مشترکہ بیان میں بھی شامل ہے۔

وزیراعظم کے دورہ چین کے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا  ہے جو کہ اپنا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم کا یہ پہلا دورہ چین تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران وزیراعظم کی چینی قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں چینی قیادت سے باہمی امور ،اہم علاقائی و عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے پاک چین اقتصادی راہدری پر چینی حکام سے تفصیلی بات چیت کی اور بیلٹ اینڈ روڈ کی ترقی و پیش رفت کے عزم کی تجدید کی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف اور بحالی میں امداد پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا اور چینی حکام سے گوادر پورٹ، سرکلر ریلوے، ایم ون اور دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران وزیر اعظم نے اعلی چینی قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور کشمیر پر چینی حمایت کے لئے چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چینی قیادت نے سرکلر ریلوے اور ایم ایل ون منصوبوں پر آمادگی و تعاون کا اظہار کیا  ہے۔