لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمن عمران خان کے حقیقی آزادی مارچ پر قاتلانہ حملے کی مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ۔قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔
مذمتی قرارداد کے متن میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔یہ ایوان پاکستان تحریک انصاف کے ایک کارکن کی شہادت پر انتہائی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتا ہے اور لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
یہ ایوان اس قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے کارکن اور زخمی کارکنان کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہے اور اس بہادر کارکن کو بھی سلام کرتا ہے جس نے اپنی جان کی پروا کئے بغیر حملہ آورکو روکا اور ملک ایک بڑے حادثے سے بچ گیا۔ یہ ایوان شہید کارکن کے درجات کی بلندی اور زخمی کارکنان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہے اور یہ بھی دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہر قسم کی آفت، مشکل اور ناگہانی صورتحال سے محفوظ رکھے۔
صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے لئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالی ان کو صحت کاملہ عاجلہ عطا فرمائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالی ان کی عمردراز فرمائے تاکہ عمران خان پاکستان کی راہبری کرتے ہوئے پاکستان کو دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔