سراج الحق کی عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی مذمت،واقعہ کی فوری تحقیقات کا مطالبہ


 لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے فائرنگ کے نتیجے میں سابق وزیراعظم اور ان کے ساتھیوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر بھی تشویش اور غم کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ اگر سیاست کو تشدد، لاٹھی اورگولی کلچر سے پاک نہ کیا گیا تو ملک کے حالات مزید گھمبیر ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ پورا نظام صابن پر کھڑا ہے، بارود بھی موجود ہے اور ماچس بھی۔ پرامن ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، عمران خان کے لانگ مارچ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ انھوں نے سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کو پرامن رہنے کی اپیل کی ہے