الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسان بحالی منصوبے کا آغاز کر دیا


لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسان بحالی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا۔ کسان بحالی پراجیکٹ کی تقریب رونمائی تونسہ شریف ضلع ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوئی، جس میں سیلاب سے متاثرہ 100کسانوں میں بیج، کھاد،اسپرے اور زرعی ادویات تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور، الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی پنجاب کے سیکرٹری احمد عمار یاسر، الخدمت فاؤنڈیشن تونسہ شریف کے صدر رشید اطہر اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اِس موقع پر محمد عبدالشکور نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جہاں دیہی علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر بری طرح تباہ ہوا، وہیں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہونے کے باعث چھوٹے زمیندار بری طرح متاثر ہوئے۔ الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی و تعمیرِ نو کے کام کاآغاز کر چکی ہے۔بحالی و تعمیرِ نو کے دیگر پراجیکٹس کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ چھوٹے کسانوں کے لئے کسان بحالی پراجیکٹ شروع کیاگیا ہے جس کے تحت سیلاب سے متاثرہ ایسے کسانوں کو بیج، کھادیں، اسپرے اورزرعی ادویات فراہم کی جارہی ہیں جن کی زمین 5 ایکڑیا اُس سے کم ہے۔ پہلے مرحلے میں 40 کروڑ روپے سے 5 ہزار کسانوں کو یہ پیکج فراہم کیا جا رہا ہے۔یہ پروگرام جنوبی پنجاب،سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لئے شروع کیا گیاہے۔متاثرہ علاقوں سے پانی اترنے کے ساتھ ساتھ مزیدعلاقوں میں پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

محمد عبد الشکور نے کہا کہ کسان بحالی پراجیکٹ کے ذریعے ہم انفرادی طور پر کسان اور اس کے خاندان کا دست و بازو بن کر انہیں بھوک اور افلاس سے بچانے کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر غذائی قلت پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے الخدمت نے پروفیشنل زرعی اداروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔ الخدمت کی مقامی ٹیمیں اور زرعی کمپنیاں سیلاب متاثرہ علاقوں میں سروے کے بعد کسانوں اور زمین کا تعین کر رہی ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں25 سے 100کسانوں پر مشتمل ایک کلسٹر بنایا گیا ہے۔ ان کسانوں کی تربیت اور راہنمائی منتخب کردہ زرعی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔ زرعی کمپنی کی ٹیم بیج کی بوائی سے فصل کی کٹائی تک کے تمام مراحل میں کسانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی۔

صدر الخدمت نے کہا کہ چھوٹے زمیندار وسائل نہ ہونے کے باعث کاشت کاری کے لیے روایتی طریقہ کار اپناتے ہیں جس کی وجہ سے فی ایکڑ پیداوار کم ہوتی ہے۔ الخدمت کسان بحالی پراجیکٹ کے ذریعے کسانوں کو کاشتکاری  کی نئی تکنیک سے متعارف کرواتے ہوئے زمین کی زرخیزی، فصل کی نشوونما اور پیداوار میں اضافہ کے لیے تربیت دے گی۔اس موقع پر کسانوں نے الخدمت کا شکریہ ادا کیا اوراس امید کا اظہار کیا کہ بہترین بیج اور کھاد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مناسب رہنمائی سے گندم کی آئندہ فصل میں بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہوگا۔