غیر قانونی لائسنس ،زائد اثاثے:نیب کا عثمان بزدار کو گرفتار کرنے کا فیصلہ


لاہور(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب)لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو غیر قانونی لائسنس اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق نیب ذرائع نے بتایا کہ نیب ہیڈ کوارٹر نے نیب لاہور کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کے لیے 15 دن کا وقت دے دیا۔ نیب ہیڈ کوارٹر نے عثمان بزدار کی گرفتاری سے متعلق مواد جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔نیب انویسٹی گیشن ٹیم نے بریفنگ دی کہ عثمان بزدار کے خلاف ابھی ایسے شواہد نہیں ملے کہ گرفتار کیا جاسکے۔نیب ہیڈ کوارٹر نے ہدایت کی کہ 15دن میں شواہد حاصل کر کے عثمان بزدار کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔

نیب لاہور نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی(ایل ڈی اے)سمیت دیگر سوسائٹیز کو مراسلے لکھ رکھے ہیں جس میں عثمان بزدار کے نام پر موجود جائیداد کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔نیب لاہور کے مطابق عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی بھی تحقیقات شروع ہیں اور ایل ڈی اے کو 17 اکتوبر کو مراسلہ لکھ کر تفصیلات مانگی ہیں۔ عثمان بزدار پر نجی ہوٹل کو غیر قانونی لائسنس دینے میں اثرو رسوخ استعمال کرنے کا بھی الزام ہے۔

عثمان بزدار کو تفتیش کے لیے نیب لاہور میں طلب کیا جا چکا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق آئندہ چند دنوں میں عثمان بزدار کو دوبارہ طلب کیا جائے گا۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے وکیل اظہر صدیق نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں اور نیب کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف جلد ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔دوسری جانب

لاہور ہائی کورٹ نے عثمان بزدار کیخلاف نیب کو تادیبی کارروائی کرنے سے روک دیا

 لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف نیب کو تادیبی کارروائی کرنے سے روک دیا۔لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب)سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا گیا۔

عثمان بزدار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب لاہور نے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ نیب نے وجوہات اور زیر التوا انکوائری سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔درخواست میں کہا گیا کہ نیب کی جانب سے بے بنیاد الزامات پر طلبی کے نوٹسز جاری کئے گئے ۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ نیب کو عثمان بزدار کی ممکنہ گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے نیب کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے سماعت کی مزید کارروائی 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔اس سے قبل نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو غیر قانونی لائسنس اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔