ہم ایک مرتبہ پھر لاہور کو جماعت اسلامی کی سیاسی پہچان بنائیں گے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سید ابو اعلیٰ مودودی  کی قبر پر اپنی رحمتوں کا نزول فرمائے ۔ انہوں نے فکر اور نظریہ دیا اور اسلامی نظام کی تکمیل کے لیے جماعت اسلامی جیسی تحریک کو شروع کیا۔ ہماری تاریخ میں بہت کم ہستیاںایسی گزری ہیں جنہوں نے اقامت دین کی خاطر تحریک کا آغاز کیا ہو۔ آج پون صدی گزرنے کے بعد بھی سید ابو الاعلیٰ مودودی  کی تحریک اسی طرح جاری و ساری ہے جیسا کہ ان کے دور امارت میں تھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میںنو منتخب امیر ضلع لاہورضیاء الدین انصاری کی تقریب حلف برداری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس تحریک سے وابستگی پر رب العزت کا جتنا بھی شکر اداکریں کم ہے۔ ارکان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ان شاء اللہ ہمارے بھائی ضیاء الدین انصاری اس پر پورا اتریں گے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد محض اقتدار کا حصول ہی نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی توانائیاں صرف کرنا اور ملک و قوم کی خدمت کرنا مقصود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارے ملک پر جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے۔ یہاں غریب کا بچہ اسمبلی میں پہنچنے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتا ۔ مٹھی بھر اشرافیہ نے پورے نظام کو ہی یر غمال بنایا ہوا ہے۔ جب تک اس سے نجات حاصل نہیں ہوجاتی، اس وقت تک پاکستان کو حقیقی معنوںمیں اسلامی فلاحی ریاست نہیں بنایا جاسکتا۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کارکنان عام انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے ابھی سے تیاری شروع کر یں۔ ہمیں اپنی دعوت کو گھر گھر پہنچانا ہوگا۔ ہم ضیاء الدین انصاری کی قیادت میں لاہور کو جماعت اسلامی کی سیاسی پہچان بنائیںگے۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری ، سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ، نائب امراء وقاص بٹ، سردار ظفر حسین خان، ڈپٹی سیکرٹری حافظ ساجد اقبال ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے ضیاء الدین انصاری کو امیر ضلع لاہور منتخب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتےہوئے ان کے لیے استقامت کی دعا کی۔