جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کاایک ماہ پر مشتمل ملک گیر ” رابطہ طلبہ مہم ” چلانے کا اعلان


لاہور ( صباح نیوز) جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان نے ایک ماہ پر مشتمل ملک گیر ” رابطہ طلبہ مہم ” چلانے کا اعلان کر دیا۔ ایک ماہ کی مہم میں تعلیم دوستی کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر میں تعمیر پاکستان کنونشنز منعقد کیے جائیں گے اور انعامات کے ذریعے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مہم کا مقصد مختلف نظریات کے حامل طلبہ میں ہم آہنگی و یک جہتی پیدا کرنے اور نوجوانوں کو وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کر دار ادا کر نے پر ابھارنا ہے.

ان خیالات کا اظہار منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان حافظ شمشیر شاہد نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل اعجاز الحق اور منتظم جمعیت طلبہ عربیہ شمالی پنجاب شفقت منصوری موجود تھے اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران مدارس دینیہ میں پڑھنے والے پچاس فیصد نوجوانوں تک جمعیت طلبہ عربیہ کا پیغام پہنچایا جائے گا،تعلیم دوستی کو فروغ دینے کے لیے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ مختلف نظریات کے حامل طلبہ میں رواداری، یکجہتی اور ہم آہنگی پیدا کرنا،  اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے تعلیمی میدان میں نوجوانوں کے کر دار کو فعال کرنا چاہیے،

انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس اسلام کا گہوارہ ہیں اور وہاں پڑھنے والے علماء کرام  نے امت مسلمہ کی حقیقی راہنمائی فرمائی اور امت کو صراط مستقیم دکھائی۔ ایک وقت تھا جب مدارس فرقہ پرستی کے مراکز مسلکی،لسانی اور گروہی تعصبات کے حوالے سے جانے جاتے تھے۔ طالبان علوم نبوت کی ذہن سازی امت کے وسیع تر مفاد کے بجائے مسلک اور فرقے کے مقاصد کے پیش نظر کی جاتی تھی۔ فارغ التحصیل علماء کرام اپنے مسلک اور مکتب فکر کی چاردیواری میں مقید ہو کر رہ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فروعی اختلافات میں شدت کے پہلو نے اصولی مسائل پر پردہ ڈال دیا تھا مساجد و مدارس اور منبر ومحراب ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہور ہے تھے۔ لیکن اب منبر و محراب پر ایسے لوگ موجود ہیں جو کہ لوگوں کی بہترین رہنمائی کرتے ہیں۔