یوتھ کنونشن کی کامیابی پر اظہار تشکر ، نوجوان ہمارا فخر ہیں ،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مینارہ پاکستان پر ہونے والے تاریخی اور عظیم الشان یوتھ کنونشن کی کامیابی پر قوم، کارکنان اور ذمہ داران سے اظہار تشکر کرتے ہیں ، نوجوان ہمارا فخر ہیں، جماعت اسلامی نوجوانوں کو کبھی مایوس نہیں کرے گی ۔ 30اکتوبر کو مینار پاکستان کے میدان پر منعقد ہونے والے یوتھ لیڈرز کنونشن ” مایوس نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 30اکتوبر کے یوتھ لیڈرز کنونشن کے کامیاب انعقاد پر قوم ، کارکنان اور ذمہ داران سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل سے نجات حاصل کرنا ہے تو بر سر اقتدار کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ ہر دور حکومت میں نوجوانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔ پاکستان میں اگر کوئی حقیقی تبدیلی لاسکتا ہے تو وہ سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کی بے داغ اور محب وطن قیادت ہے۔کہ وطن عزیز اس وقت انتہائی گھمبیر قسم کے مسائل کی زد میں ہے۔ معاشی بحران دن بدن سنگین ہوتا چلا جارہاہے۔ ملکی معیشت قرضوں اور امداد کے رحم و کرم پر چل رہی ہے۔ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ مہنگائی کی شرح کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان گھمبیر حالات میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ کیونکہ یہی 60فیصد نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ باقی تمام پارٹیاں محض اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں جبکہ صرف جماعت اسلامی ہی اپنا قومی فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ  حکمران بچت اور سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال نہ کرنے اور غیر ملکی دوروں پرکفایت شعاری کے بڑے بڑے اعلانات تو کرتے ہیں مگر حقائق اس کے بالکل بر عکس ہیں۔ موجودہ معاشی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان اس بات کا متقاضی نہیں ہوسکتا کہ قومی خزانے کو حکمرانوں کے اللوں تللوں کی نذر کیا جائے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ حکمران اپنے بے جا اور شاہانہ اخراجات کو ختم کرکے اربوں روپے کی بچت کریں اور وہی پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے۔