شفاف انتخابات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،ووٹ کو عزت دینا ہو گی، شاہد خاقان عباسی


کوہستان (صباح نیوز) مسلم لیگ( ن) کے سینئر صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات چوری ہوئے لیکن اب ووٹ کو عزت دینا ہو گی،شفاف انتخابات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

کوہستان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رانا شمیم کے بیان حلفی سے فواد چوہدری اور ہمارا کیا تعلق ہے ؟ فواد چوہدری کو آئین کا پتہ ہے نہ قانون کا۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو(نیب)کے حوالے سے ہمارا موقف ہمیشہ سخت رہا ہے اسی لیے نیب کو ہمارے علاوہ کوئی کرپشن نظر نہیں آ رہی۔ چینی میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں شفاف انتخابات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے اور جب انتخابات قریب آتے ہیں تو نئی صف بندیاں ہوتی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن چٹان کی طرح کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ سال 2018کے انتخابات چوری ہوئے لیکن اب ووٹ کو عزت دینا ہو گی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی کا جو سیلاب آیا ہے وہ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں آیا۔ مسلم لیگ ن پاکستان کے عوام کی بات کرتی ہے اقتدار کی بات نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم اور دیامر بھاشا ڈیم نواز شریف کے منصوبے ہیں اور ہم ہی کوہستان کے مسائل حل کریں گے۔ یہ حکومت جیسے آئی ہے سب کو پتہ ہے۔