مینار پاکستان تلے کل ہونے والے ”پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈرشپ کنونشن” کے لیے تیاریاں مکمل


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ مینار پاکستان تلے اتوار کو ہونے والے ”پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈرشپ کنونشن” کے لیے تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق رات ساڑھے نو بجے ملک بھر سے آئی ہوئی نوجوان قیادت سے مخاطب ہوں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

اپنے بیان میں قیصر شریف نے کہا کہ یوتھ لیڈر شپ کنونشن اس لحاظ سے منفرد ہے کہ مینار پاکستان تلے ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ نوجوان اکٹھے ہوں گے۔ جماعت اسلامی یوتھ کی یونین کونسل سطح تک کی لیڈر شپ کنونشن میں شرکت کے لیے لاہور پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔ ایک روزہ کنونشن حاضری، پیغام اور جوش و خروش کے لحاظ سے بھی یکتا اور بے مثال ہو گا۔

کنونشن سے نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم و دیگر قیادت بھی خطاب کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کنونشن کے لیے 120فٹ لمبا، 40فٹ اونچا اور 30فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ پنڈال میں ہزاروں کی تعداد میں کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔ لائٹنگ، سائونڈ سسٹم اور بڑی سکرینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔ میڈیا اور سوشل میڈیا کے افراد کے لیے الگ سے سٹنگ پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ میڈیا اور کنونشن کے شرکا کے لیے انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی ،صفائی اور پارکنگ کے بہترین انتظامات ترتیب دیے گئے ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کی 65فیصد یوتھ کو مالی اور اخلاقی لحاظ سے تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کے ذریعے معاشرے کی اصلاح اور اسلامی انقلاب کی راہ ہموار کرنا چاہتی ہے۔ یوتھ لیڈرشپ کنونشن اس منزل کے حصول کے لیے اہم ترین سنگ میل ہو گا۔