سیاستدان اور اسٹیبلشمنٹ جس طرح ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہے ہیں ، پاکستان کا سر دنیا بھر میں شرم سے جھک گیا ہے ،امیر العظیم


لاہور (صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ کنونشن تاریخ ساز ہو گا ـ کنونشن میں سراج الحق قوم کو ملک میں درپیش مسائل سے متعلق حقائق سے آگاہ کریں گے اور جماعت اسلامی ایک نئے عزم کے ساتھ سیاسی سفر شروع کرے گی.

انہوں نے کہا کہ فوج کے بارے میں ہمارے دل میں بہت محبت ہے اب اسے اس کھیل سے باہر ہوجانا چاہیے ـ سیاسی مسائل سیاستدانوں کو حل کرنے دینا چاہیے ـ اس وقت کوئی بھی جماعت پورا سچ نہیں بول رہی ـوہ دوسروں کو تو بے نقاب کر رہی ہے لیکن اپنے بارے میں پورا سچ نہیں بول رہی ـ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان کے سایہ میں منعقد ہونے والے جے آئی یوتھ لیڈر شپ کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیاـ

اس موقع پر جماعت اسلامی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری ، جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد اوریوتھ کے رہنما زبیر احمد گوندل بھی موجود تھےـ امیر العظیم نے کہا کہ یوتھ لیڈرشپ کنونش کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں ـ یہاں ملک کی سب سے بڑی سٹیج لگائی گئی ہے ـ انہوںنے کہا کہ اس وقت میں ہر طرف بے یقینی کی کیفیت ہے ـ انہوںنے کہا کہ جس طرح اسٹیبلشمنٹ اور ایک سیاسی جماعت ایک دوسرے پر الزامات لگارہی ہے ـ پاکستانی قوم کا دنیا بھر میں سرشرم سے جھک گیا ہے ـ

انہوں نے کہا کہ ملاقاتیں کرنے والوں کے رات کے کرتوت اور دن کے اعمال کچھ اور ہیں ـ انہوں نے کہا کہ فوج کو بھی اب ہوش کے ناخن لینے چاہیں کیونکہ آج کے دور میں کوئی چیز چھپ نہیں سکتی انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی جمہوریت قائم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے تا کہ ملک کو بے اصولی کی سیاست کی دلدل سے نکالا جا سکے ـ انہوں نے نوجوانوں کو دعوت دی کہ مینار پاکستان کے سایہ میں 30 اکتوبرکے یوتھ لیڈر شپ کے کنونشن میں بھرپور شرکت کریں ـ