سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کی جماعت اسلامی کے یوتھ لیڈرشپ کنونشن کے بینرز اتارے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں آویزاں جماعت اسلامی کے یوتھ لیڈرشپ کنونشن کے بینرز اتارے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان اقدامات کو جمہوریت، جمہوری رویوں اور قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے پنجاب انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی  مجوزہ لانگ مارچ کا لاہور سے روٹ تبدیل کرے کیونکہ اتوار 30اکتوبر کو جماعت اسلامی مینار پاکستان گراؤنڈ میں پاکستان زندہ آباد یوتھ لیڈر شپ کا انعقاد کررہی ہے۔ یوتھ لیڈر شپ کنونشن پہلے سے طے شدہ پروگرام ہے جس کے لیے لاہور انتظامیہ سے اجازت کی درخواست ایک ماہ قبل ہی کردی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن جلسے جلوس اور مظاہرے ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، یہ مناسب نہیں کہ لانگ مارچ کے شرکا وہی راستہ اپنائیں جہاں جماعت اسلامی کی ملک بھر سے آئے ہوئے نوجوان لیڈر شپ موجود ہوگی۔

اگر پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جماعت اسلامی کے یوتھ کنونشن سے پہلے طے ہوتا تو ہم خود ہی اس کو موخر کردیتے۔قیصر شریف نے کہا کہ لاہور انتظامیہ کی جانب سے بینر ہٹانا اوچھے ہتھکنڈے ہیں جسے ہم برداشت نہیں کریں گے۔ وزیراعلی پنجاب حکومتی انتظامیہ کو ایسا کرنے سے باز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو ہونے والے پاکستان زندہ آباد یوتھ لیڈرشپ کنونشن میں ملک بھر سے کثیر تعدار میں نوجوان شرکت کریں گے ۔لیڈر شپ یوتھ کنونشن سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خصوصی خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔