ملک میں خونی لانگ مارچ کی باتیں قابل مذمت ہیں۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں خونی لانگ مارچ کی باتیں قابل مذمت ہیں۔احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی و قانونی حق ہے مگر اس کی آڑ میں ملک کے اندر انتشار، افراتفری اور خون خرابے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ ارشد شریف کے قتل پر بغیر ٹھوس ثبوت کے کسی کو بھی مورد الزام ٹھہرانے والے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔ حکمرانوں کی غلط ترجیحات اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں 60 فیصد عوام میں معاشی ترقی کی امید ہی ختم ہو چکی ہے ۔ آئی ایم ایف کی غلامی کو قبول کرنے میں تحریک انصاف اور اتحادی حکومت دونوں برابر کی مجرم ہیں،دونوں نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔  سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر حکمران ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے ، اداروں سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کرسکتے اور ان کو منافع بخش نہیں بناسکتے تو ان نا اہلوں سے ملک چلانے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟۔

محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے۔ پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی معیشت میں ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کا ملک کی مجموعی ایکسپورٹ میں60فیصد ،مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ملازمتوں میں 40فیصد اور ملکی جی ڈی پی میں 8.5فیصد حصہ ہے ۔یہ صنعت 15ملین افراد کو ملازمتیں فراہم کرتی ہے ۔مگر حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کے باعث ہر سیکٹر تباہی کی جانب گامزن ہے ۔ 45فیصد عوام سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔