قرضوں میں ریکارڈ اضافہ ،مہنگائی نے تمام ریکارڈ توڑڈالے ہیں۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی بد ترین معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان پر واجب الادا قرضوں کا حجم 49ہزار 200ارب سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ جون کے اختتام پر غیر ملکی قرضہ 18ہزار 160ارب روپے تھا۔ ملکی معیشت کو درپیش خطرات سے محفوظ بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اتحادی حکومت کے پاس کوئی معاشی ایجنڈا ہی نہیں۔ مہنگائی نے تمام اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے عوام کی جانب سے دیئے گئے مینڈیٹ کی توہین کی ہے اور لوگوں کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق قرضوں میںہوشربا اضافے کے بعد ہر پاکستانی پونے دولاکھ روپے کامقروض ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے 600ارب روپے کے مزید ٹیکس لگانے کا حکم صادر ہوا ہے۔ قوم کو گمراہ کرتے ہوئے خود داری اور خود انحصاری کا بھاشن دینے والوں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ پورے کا پورا معاشی نظام ہی آئی ایم ایف کے کنٹرول میں دے دیا گیا ہے۔ رواں سال 25فیصد افراط زر کی وجہ سے جی ڈی پی کا تناسب طے شدہ سطح سے نیچے رہنے کی پیش گوئی کی جارہی ہے جس کے بعد اداروں کے لیے متعین اہداف کا حصول بھی مشکل ہوچکا ہے۔

دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری ،سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ، صوبائی سیکرٹری محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمران الحق نے سینئر صحافی ، اینکر پرسن، اور تجزیہ کار ارشد شریف کے بہیمانہ قتل کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعات کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ ارشد شریف نڈر، بے باک صحافی تھا جس نے ہمیشہ حق کی بات کہی۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔