اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پشاور میںپی پی کاجلسہ خوش آئند،ن لیگ کو بھی سنٹرل پنجاب سے باہر نکلنا چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر بیان میں انہوں نے کہا کہ پشاور میں پیپلز پارٹی کا جلسہ خوش آئند ہے، پاکستان کو وفاقی جماعتوں کی ضرورت ہے، (ن) لیگ کو بھی سنٹرل پنجاب سے باہر نکلنا چاہئے ان جماعتوں کی قیادت بد قسمتی سے بہت سطحی ہے اور ان کے پاس کوئی ایجنڈا بھی نہیں لیکن بہرحال علاقائی اور شدت پسند سیاست تب ہی ختم ہو گی جب قومی سیاست ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی ذہن میں رکھیں، کامیابی صرف تنقید سے نہیں مل سکتی کوئی متبادل ایجنڈا بھی ہوتا ہے تو لوگ متوجہ ہوتے ہیں، دونوں جماعتوں کی قیادت حکومت ہٹانے کی خواہش کی بجائے اپنے پائوں پر کھڑا ہونا سیکھے، بڑی اصلاحات کیلئے بھی تجاویز دیں۔