ٹیک سیکٹر ملک کے روشن مستقبل کی کنجی ہے، مسعود خان


واشنگٹن (صباح نیوز) امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے ٹیک سیکٹر میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران غیر معمولی ترقی ہوئی ہے اور اس میں مزید ترقی کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے ۔ امریکی سرمایہ کار اور کاروباری برادری پاکستان میں ٹیک سٹارٹ اپس کی حمایت کر رہی ہے۔ ٹیک سیکٹر ملک کے روشن مستقبل کی کنجی ہے اور یہ پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستانی سفیر مسعود خان نے یہاں واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ میں  لینڈو فلوریڈا میں نئے تعینات ہونے والے اعزازی قونصل عدنان اسد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مسعود خان نے کہا کہ ٹیک سٹارٹ اپس نے گلوبل ٹائیگر اور بے ایریا جیسے دنیا کے سرکردہ سرمایہ کار سرمایہ داروں کی توجہ مبذول کرائی ہے جو پاکستان کی ٹیک سیوی نوجوان آبادی کی زبردست صلاحیت اور اس اہم شعبے میں ملک کے امید افزا امکانات کو دیکھتے ہیں۔

سفیر مسعود خان نے نئے تعینات ہونے والے اعزازی قونصل عدنان اسد کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کاروباری روابط قائم کرنے اور لوگوں کے تبادلے کو فروغ دینے پر توجہ دیں۔انہوں نے خاص طور پر پاک امریکن کمیونٹی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پراعزازی قونصل عدنان اسد نے کہا کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل بنانے کے لیے اپنے نیٹ ورکس کا استعمال کریں گے،واضح رہے کہ عدنان اسد ایک کامیاب کاروباری شخص اور امریکہ اور پاکستان دونوں میں سرمایہ کاری کرتا ہے۔