بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں 2 کشمیری نوجوان شہید کر دیے


سری نگر:بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں جنوبی کشمیر میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔

آج صبح یاسر پرے اور فرقان احمد نامی نوجوانوں کوپلوامہ ضلع کے علاقے قصبہ یار میں بھارتی فوج نے  محاصرے اور تلاشی کارروائی  کے دوران گولی مار کر شہید کیا ۔

پورے  علاقے کو  بھارتی فوج نے محاصرے میں لے رکھا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر پولیس کے سربراہ وجے کمار نے ایک ٹویٹ میں دعوی کیا ہے کہ مارے جانے والے  عسکریت پسند تھے ان کا تعلق جیش  تنظیم سے تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں نومبر2021 کے دوران 20 کشمیری شہید

بھارتی فوج نے  مقبوضہ کشمیر میں نومبر2021 کے دوران تلاشی اور محاصرے کی  کارروائیوں میں 20 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ ان میں سے 8کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں یا دوران حراست شہید کیا گیا۔اس دوران بھارتی فوج  اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر گولیوں، پیلٹ گنز اور آنسو گیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم سے کم 18افراد زخمی ہوگئے ۔

مقبوضہ کشمیر میں تلاشی اور محاصرے کی209 کار ر وائیوں کے دوران 66شہریوں جن میں بیشتر نوجوان ، کارکن اور طلبا شامل تھے کو گرفتار کرلیاگیا۔ ان میں سے متعدد پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا کالاقانون یو اے پی اے لاگو کردیاگیا ۔ان شہادتوں کے نتیجے میں تین خواتین بیوہ اورچھ بچے یتیم ہو گئے۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ ایک مکان کو نقصان بھی پہنچایا ۔