ارشد شریف نے سچ بولنے کی حتمی قیمت اپنی جان سے ادا کی، عمران خان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ارشد شریف،جنہوں نے سچ بولنے کی حتمی قیمت اپنی جان سے ادا کی، ان کے بہیمانہ قتل پر بے حد صد مہ میں ہوں۔انہیں ملک چھوڑنا پڑا مگر بیرونِ ملک پناہ کے دوران بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر سچ بولنے اور طاقتور لوگوں کو بے نقاب کرنے کاسلسلہ جاری رکھا۔ انکی موت پر پوری قوم آج حالتِ سوگ میں ہے۔

ان خیالات کااظہار عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ا ن کے یاپنے بیانات اور دیگر ذرائع سے ملنے والے شواہد کی پڑتال کے لئے باضابطہ عدالتی تحقیقات کااہتمام کیا جائے۔ ہم طاقتور طبقات کے ہاتھوں ان افراد،جو تنقید کرنے اورغلط کاریوں کوبے نقاب کرنے کی جسارت کرتے ہیں کیخلاف سفاکیت کی اس سطح تک گِر چکے ہیں جس کا کسی مہذب معاشرے میں تصور تک محال ہے۔میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے سوگوار اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔