بیک ڈور مذاکرات کا اعتراف ، چور دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہونا چاہیے ،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بیک ڈور مذاکرات کے اعتراف سے ثابت ہوگیا ہے کہ چیئر مین تحریک انصاف ایک مرتبہ پھر اقتدار میں آنے کے لیے چور دروازہ استعمال کررہے ہیں۔یہ دروازہ ہمیشہ کے لئے بند ہونا چاہئے۔ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے آج ان کے قدموںمیں بیٹھ چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 30اکتوبر کو مینار پاکستان کے مقام پر منعقد ہونے والے یوتھ کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس اور دیگر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر طرف بے یقینی اور افراتفری کی صورتحال ہے۔ سب سے زیادہ مایوسی نوجوانوںمیں پائی جاتی ہے۔ ہر دور اقتدار میں نوجوانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ۔نوجوان پاکستان کی کل آبادی کا ساٹھ فیصد ،مگر اس کے باوجود تمام سیاسی جماعتوں نے ان کو نظر انداز کیا ہے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو سیاسی شعور کے ساتھ آگے لانا چاہتی ہے تاکہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکے۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف تینوں پارٹیوں میں کوئی فرق نہیں۔ سب ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں ۔جس کسی نے بھی عوامی عہدے کا غلط استعمال کیا ہے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے، ان سب کا بے لاگ احتساب ہونا چاہیے۔ کرپٹ افراد کی جگہ صرف جیل ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اداروں کو سیاسی دبائو کے ذریعے انتقامی سیاست کے لیے استعمال کرنے کی روش ٹھیک نہیں۔ منشا کے برخلاف فیصلوں پر اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانا اور چڑھائی کرنا قابل مذمت ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرنا چاہیے