اسلام آباد(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کے نام سے فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)رائے طاہر کو خط لکھا ہے۔
خط میں الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر سے منسوب جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔الیکشن کمیشن نے خط میں لکھا کہ فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں،
چیف الیکشن کمشنر سے منسوب تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس فیک ہیں۔خط میں مزید لکھا گیا کہ فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کر کے آگاہ کیا جائے۔
گزشتہ روز ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ فیک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر یقین نہ کریں کیونکہ چیف الیکشن کمشنر کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرکے نام کا اکاؤنٹ بناکر جھوٹ اور پروپیگنڈہ پھیلایا جا رہا ہے، یہ سب جعلی اکائؤنٹس ہیں۔یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس استعمال کئے جانے لگے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کے بعد سوشل میڈیا پر چیف الیکشن کمشنر کیخلاف متعدد جعلی اکاؤنٹس وائرل ہو رہے ہیں۔