آرمی چیف کے بیان کا خیر مقدم ، اداروں کا سیاست میں کردار نہیں ہونا چاہیے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا بیان کہ ” فوج اب سیاست میں کردار ادا نہیں کرے گی۔ ” کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملکی بقاء و سلامتی کا تقاضا ہے کہ تمام ادارے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔ ملک کو اس وقت سیاسی و معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا گرے لسٹ سے نکلنا باہمی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کے نادانشتہ فیصلوں کی بدولت پاکستان تین بار گرے لسٹ میں آیا اور معاشی لحاظ سے ملک کو 38ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ ملک میں کوئی بھی شخص آئین و قانون سے ماورا نہیں ۔ توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین تحریک انصاف کی نا اہلی کے بعد جس طرح روڈ پر توڑ پھوڑ کی گئی اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا وہ قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومتی نمائندہ کا ملنے والے تحائف کو چھپانا اور ان کو فروخت کرنا اخلاقی اقدار کے منافی اقدام ہے۔ ثابت ہوگیا ہے کہ اگر کوئی شخص صادق و امین ہے تو وہ صرف سراج الحق ہیں۔

  محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کو اپنے دو ر اقتدار میں 13کروڑ 88لاکھ کے تحائف ملے۔ جن کو بیچنے کے بعد میں اپنی مرضی سے ادائیگی کی گئی ۔ 2019کے بعد سے کوئی تحفہ ظاہر نہ کیا گیا۔ وزراء بھی تحائف لے گئے۔ قوم کی ایک ایک پائی کا حساب کا دعویٰ کرنے والے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں برابر کے شریک نکلے ہیں۔ ملک و قوم اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتے جب تک چوروں ، ڈاکوئوں ، لٹیروں اور کرپٹ افراد کو اسمبلیوں سے باہر نہیں نکال دیا جاتا۔ملک میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد آپشن ہے جو بے داغ کردار کی قیادت اور ایماندار لوگوں پر مشتمل ہے