الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کے لئے کی جانے والی خدمات قابل تحسین اور تقلید ہے،میاں محمد اسلم


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کے لئے کی جانے والی خدمات قابل تحسین اور تقلید ہے، ہم اس موقع پر اسلام آباد کے شہر یوں اور بالخصوص جی نائن مر کز کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، جنہوں نے سیلاب سے متاثر ہ اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے دل کھول کر مدد کی ،

انھوں نے کہا  الخدمت کے تحت پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پرریلیف کا کام ہورہا ہے ، اسلام آباد کے عوام نے بھی دل کھول کر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنے عطیات جمع کروائے ہیں،مگر بد قسمتی سے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی جانب سے متاثرین سیلاب کی بحالی میں سنجیدگی نظرنہیں آئی یہ حادثے سے بڑا المیہ ہے، ساڑھے3 کروڑ افراد کی بحالی ایک بڑا مرحلہ ہے جس میں حکومتی سطح پربہترین حکمت عملی اور سرکاری امداد کی شفا ف تقسیم کے حوالے سے بااعتماد نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی نائن مر کزمیں الخد مت فاؤنڈیشن کے تحت لگائے جانے والے کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماء چوہدری ساجد اقبال ، تاجر رہنماء راج عباسی ، ملک رفیق اور دیگر بھی شر یک تھے ۔میاں محمد اسلم نے کہا سندھ کے سیلابی علاقوں میں لاکھوں خواتین اور بچے سڑکوں کنارے خیموں میں پرے ہو ئے ہیں، لاکھوں غریب چھت اور خوراک کے بغیر تکلیف دہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ملک کی کشتی معاشی بدحالی ،بداخلاقی اور کرپشن کے سمندر میں ہچکولے کھا رہی ہے۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور بیڈگورننس مسائل کی جڑ ہیں، انھوں نے کہا جماعت اسلامی کی جانب سے بار بار یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ امدادی سامان کی تقسیم کو شفاف بنانے کے لیے مؤثر نظام تشکیل دیا جائے، مگر حکمران ہیں کہ ٹس سے مس نہیں ہوتے۔