الیکشن کمیشن نے نااہلی کا فیصلہ جاری نہیں کیا، حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں،فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز) پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سازشیں بند کمروں سے باہر نہیں آ پارہیں، الیکشن کمیشن نے اب تک عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ جاری نہیں کیا اور اس فیصلے میں تبدیلی کرکے حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بند کمروں میں فیصلے کرنے کا زمانہ گزر گیا، ملک کے مقبول ترین لیڈر کو نا اہل کیا گیا جس پر عوام نے عمران خان سے اپنی محبت کااظہار کیا، پارٹی کی کوئی اپیل نہیں تھی اور پورے ملک میں لوگ نکلے، کل سب سے پہلے کوئٹہ ، گلگت بلتستان اور دیامر میں احتجاج ہوا، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی ، سکھر ، گوجرانوالہ کس شہر میں لوگ باہر نہیں نکلے۔

انہوں نے کہا کہ قومی لیڈر کو سیاسی دھارے سے باہر کرنے کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ ملک کے عوام نے مسترد کردیا، فیصلے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 24گھنٹے سے زیادہ گزر گئے ،الیکشن کمیشن کا فیصلہ جاری نہیں ہوا، ابھی تک الیکشن کمیشن نے فیصلے کی کاپی نہیں دی، اگر آپ کے پاس فیصلہ موجود نہیں تو آپ نے کیا سنایا ہے؟ فارن فنڈنگ کیس میں بھی الیکشن کمیشن نے ویب سائٹ پر فیصلہ جاری کیا، اس فیصلے میں بھی تبدیل کی جارہی ہے اور حکومت کی مرضی کی چیزیں شامل کی جارہی ہیں، سازشیں بند کمروں سے باہر نہیں آ پارہیں، سازشیں جب بھی باہر آئیں تو سازشوں اور سازشیوں کو گلے سے پکڑیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن سے پہلے بھی کوئی امید نہیں تھی، ان کا نشانہ صرف عمران خان ہے لیکن یہ عمران خان کا نہیں پاکستان کے 22کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے۔