سارہ انعام قتل کیس، مرکزی ملزم شاہنواز کی والدہ کو جیل بھیج دیا گیا


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی عدالت نے سارہ انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہنواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن کورٹس میں سارہ انعام قتل کیس کی سماعت کے موقع پر نامزد ملزمہ ثمینہ شاہ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ سینئر سول جج محمد عامر عزیر نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر پولیس کی جانب سے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی ۔ جس پر عدالت نے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

صحافی ایاز امیر کی بہو سارہ انعام کے قتل کے کیس میں ملزم شاہ نواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ کی ضمانت خارج ہونے پر پولیس نے 19 اکتوبر کو انہیں گرفتار کیا تھا۔ واضح رہے کہ جمعہ 23 ستمبر کو اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز نے نہایت سفاکی سے اپنی اہلیہ سارہ انعام کو ڈمبل کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔