الیکشن کمیشن کے باہر فائرنگ کا واقعہ، پی ٹی آئی رکن اسمبلی صالح محمد کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مرکزی دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی پر پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی صالح محمد اور ان کے دو ساتھیوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صالح محمد اور ان کے دو محافظوں کے خلاف دہشت گردی کی دفع کے تحت مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ رکن اسمبلی نے اپنے محافظوں کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کے تحت امن خراب کرنے کی کوشش کی اور ان کے محافظ نے قتل کی نیت سے اسلام آباد پولیس کے اہلکار پر فائرنگ کی۔  ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ایم این اے اپنے گن مین کیساتھ ریڈزون میں داخل ہوئے، ملزمان کے قبضے سے 2 عدد ایس ایم جیز اور28رائونڈ برآمد ہوئے جنہیں قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

دوسری جانب  توشہ خانہ ریفرنس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے اپنے دفاتر کے لیے فول پروف سیکیورٹی مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو بذریعہ مراسلہ سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ مرکزی، صوبائی اور ضلعی دفاتر، عملے کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے۔مراسلے کے مطابق چیف سیکرٹریز اور پولیس کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی بڑھانے کا کہا جائے۔ وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کے مراسلے پر صوبوں کو ہدایات جاری کر دیں۔