بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کیلئے خواتین کے بینک اکاؤنٹ کھولے جائیں گے ، شازیہ مری


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رقوم کی ادائیگی کے نظام میں بہتری لا رہا ہے اور بہت جلد خواتین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جارہے ہیں تاکہ ان کو نہ قطاروں میں انتظار کرنا پڑے اور نہ ان کی رقم سے کٹوتی ہو۔

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ممبر قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ ممکن ہے کہ خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ کی طرف سے ملنے والی امداد کا طریقہ کار بدلا جائے تاکہ غریب خواتین کو قطاروں میں انتظار نہ کرنا پڑے۔وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے سوال کا جواب دیتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف پروگرامز اس طرح ترتیب دیئے گئے ہیں کہ غریب خاندانوں کو غربت کی چکی سے نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رقوم کی ادائیگی کے نظام میں بہتری لا رہا ہے اور بہت جلد خواتین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جارہے ہیں تاکہ ان کو نہ قطاروں میں انتظار نہ کرنا پڑے اور نہ ان کی رقم سے کٹوتی ہو۔ممبر قومی اسمبلی شمس انسا نے سوال کیا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق حالیہ سیلابوں سے پاکستان میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے تو کیا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اس حوالے سے کوئی اقدامات کئے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے وضاحت کرتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی غربت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جیسے ہی وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں جاری اقدامات کی رپورٹ آئے گی اورغربت کی شرح کا اندازہ سامنے آئے گا تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات سے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا جائے گا۔ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے سیلاب کے دوران بینظیر انکم سپورٹ کی طرف سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو دی جانے والی امداد کو سراہا۔