وزیرداخلہ سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات،اسلام آبادکو “احتجاج فری شہر” بنانے کا مطالبہ


اسلام آباد(صباح نیوز) تاجر برادری نے بھی اسلام آباد لانگ مارچ کی مخالفت کر دی، اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے وفاقی  وزیر داخلہ کو اسلام آبادکو “احتجاج فری شہر” بنانے کا مطالبہ کر دیا ، تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ اور دھرنوں سے اسلام آباد کی معیشت اور کاروبار تباہ ہونے کا خطرہ ہے ، لانگ مارچ سے اسلام آباد کے شہریوں کی زندگی مفلوج ہو جائے گی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیمبر آف کامرس اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد  نے پیر کے روز  وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سے خصوصی ملاقات  کی، جس میں انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد کو احتجاج فری شہر قرار دینے کیلئے پارلیمنٹ میں بل لایا جائے ،  دارالحکومت پر سیاسی دھاوے بولنے سے سفارتی کمیونیٹی بھی شدید اضطراب کا شکار ہوتی ہے۔

چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، احتجاج کیلیے اسلام آباد سے باہر کوئی جگہ مختص کی جائے ،  2014 کے 126 دنوں کے دھرنے سے اسلام آباد کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔ ملاقات کے دوران انھوں نے اسلام آباد میں کنٹینرز فوری ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔ وزیر داخلہ  رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ  اسلام آباد کے شہریوں اور کاروباری افراد کے تحفظ کیلیے تمام قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔