پاک چین دوستی مرکز میں امریکہ مردہ باد امریکہ کا جو یار ہے غدارہے غدار ہے کے نعروں کی گونج


 اسلام آباد(صباح نیوز) تمام مسالک کے  علماء کرام نے  متفقہ طورپر حکمرانوں پر واضح کیا ہے پاکستان کی پالیسیوں اور فیصلوں کے حوالے سے  امریکی اثرورسوخ کو قبول کیا گیا تویہ حکومت کو مہنگا پڑے گا، ایسے حکمرانوں کو قوم قطعاً برداشت نہیں کرے گی،سوات کے عوام کی بیداری کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، کسی نئے  نیو ورلڈ آرڈر کی ضرورت  نہیں ہے، انسانیت کی فلاح وبہبود کا اصل  ورلڈ آرڈر خطبہ حجة الوداع ہے اس پر عملدرآمد سے  عالمی امن کو یقینی اور انسانیت کو سکون  و قرار مل سکتا ہے، اسلامی شعائر کے منافی قانون سازی کو مسترد کرتے ہیں، دینی طبقہ  اس معاملے پر متحد ہے،خلاف اسلام قانون سازی کی نگرانی کیلئے  تھنک ٹینک بننا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق ملی یکجہتی کونسل اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان  کے زیراہتمام اتوار کو  عشق پیغمبر اعظمۖ مرکز وحدت مسلمین کانفرنس کا انعقاد  پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹراسلام آباد میں ہوا  ۔کانفرنس  شیعہ سنی وحدت کا عملی مظاہرہ تھا تمام مسالک کے جیدعلما کرام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اظہار یکجہتی کیا  ۔ وقفہ وقفہ  امریکہ مردہ باد امریکہ کا جو یار ہے غدارہے  غدار ہے کے نعرے لگتے رہے ۔

کانفرنس میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین اور علماء کرام ومشائخ عظام سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی  ۔کانفرنس  کی صدارت  نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کی ۔عشق پیغمبر اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ کانفرنس تجدید عہد کرتی ہے کہ  ہر عالمی و علاقائی سازش اور فرقہ واریت کے آسیب کو کبھی پنپنے نہیں دیں گے۔ کانفرنس نے امریکی صدر کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف ہرزہ سرائی کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے پرامن ایٹمی پروگرام کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کا عہد کیا اور اس امر پر زور دیا کہ امریکہ عالمی جوہری مجرم ہے نہ کہ پاکستان ۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عشق پیغمبر اعظم حضر ت محمد مصطفیٰ خاتم النبین صلی اللہ علیہ و ا لہ وسلم امت مسلمہ میں اللہ کی رسی کی مانند مرکزیت رکھتا ہے اور اس کو مضبوطی سے تھامے رکھنا ہی امت اسللامیہ کی کشتی کی نجات کا ضامن ہے۔عالم کو رسول اکرم  کی مقدس ہستی کو نشانہ بنانا دراصل اِسی مرکزیت کو توڑنے کی سازش ہے لیکن انشاء اللہ اس اساس اور بنیاد پر مسلمین کی وحدت عالمی استعمار کے تمام خوابوں کو چکنا چور کر دے گی اور اغیار کے تقسیم کے ایجنڈے کو ناکام بنائے گی۔ عظیم الشان عشق پیغمبر اعظم کا نفرنس ہادی برحق کے لائے ہوئے نظام کوہی انسانیت اور اقوام کی بقاء کیلئے لازم اور ضروری سمجھتی ہے اور وطن عزیز پاکستان میں اسلام کے مقابل کسی بھی قانون کو رد کرتے ہوئے سودی نظام ، کرپشن ، محروم طبقات کی جفا تلفی کو مسترد کرکے ہر ریاست کو عام آدمی کی فلاح بہبود کیلئے کام کرنے کی طرف متوجہ کرتی ہے۔

کشمیر اور فلسطین پر تاریخی نظریاتی موقف سے انحراف در حقیقت پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں سے خیانت ہے۔ فلسطین کی آزادی اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی مسلسل حمایت جاری رکھیں گے۔ اور وطن عزیز کے اسلامی ممالک کو ملے والے تمام بارڈز کو پرامن بناکر مظبوط و مستحکم افغانستان اور ایران کے حامی ہیں تا کہ پاکستان کے امن کی ضمانت دی جا سکے۔اس امر کی بنیاد پر افغانستان سے امریکی انخلاکو کامیابی قرار دیتے ہیں اور ایران ، پاکستان ، افغانستان کے خلاف امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں۔ آج کی یہ کانفرنس دہشت گردی کے خلاف NACTAکے قوانین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف Zero Tolerince  پالیسی پر یقین رکھتی ہے۔ اور وطن عزیزکے خلاف اعلان جنگ کرنے والے دہشت گردوں سے مذاکرات کو رد کرتے ہوئے سوات کے عوام کی بیداری کی بھر حمایت کرتے ہیں وطن عزیز میں بیرونی ایجنڈا اور دباو کے تحت مختلف ادوار میں متعارف کرائے گئیغیر اسلامی قوانین مثلاً گھریلو تشددبل ، ٹرانسنجنڈر ایکٹ ،وقف املاک وغیرہ میں شامل غیر اسلامی دفعات کو وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں کے روشنی میں ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فوری اصلاحات کی جائیں تاکہ اسلامی فلاحی معاشرہ کی تکمیل کے ہدف کی طرف بڑھا جاسکے۔۔وحدت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وحدت قرآنی سٹریٹیجی ہے وحدت کا مشن جہاد کبیر ہے اگر ہم اکھٹے ہو جائیں اور ایک وحدت کی لڑی میں پرو لیں  تو ہم  باقی ممالک کے لئے بھی نمونہ عمل بن جائیں۔ دشمن ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں کمزور کر رہا ہے امریکہ ہمارا دوست نہیں جس جس ملک کو ہمارے ایٹمی اثاثوں سے تکلیف ہے وہ ہمارا دوست نہیں ۔ امریکہ اسرائیل ہندوستان ہمارا دوست نہیں ہے۔ اس ملک کا بچہ بچہ نعرہ لگا رہا ہے امریکہ کا جو یارہے غدار ہے غدار ہے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ اس وقت سیلاب سے ملک کے بشتر علاقے مصیبت سے دوچار ہیں سندھ کی صورتحال میں خود دیکھ کر آیا ہوں۔حکومت کہیں نظر نہیں آئی حکومت نے عوام کو سیلاب کی تباہ کارویوں کے درمیاں  تنہا چھوڑ دیا ہے۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے لیکن افسوس کے ساتھ ہمارے حکمران امریکا کے ساتھ تعلقات کے خواہاں ہیں پاکستان کی سرزمین پر جو بائیڈن نے جو الزام لگایا، وہ انتہائی افسوس ناک ہے اگر ہمارے حکمران کمزور نہ ہوتے تو جوبائنڈن کی یہ جرات نہ ہوتی پاکستان کے تمام شعیہ سنی مسلمان ایک تھے اور ایک ہیں۔ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے  کہا کہ  ہمیں یہاں آج محبت رسول اکرم نے اکھٹا کیا  آج یہاں تمام اسلامی مکاتب کی نمائندگی موجود ہے  ۔عدل و انصاف کی حکومت کے قیام کے لئے سب سے پہلے مسلمانوں کے درمیان وحدت ضروری ہے ۔جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ہمیں انسانیت سکھائی۔ رسول اللہ کا حکم ہے کہ ہم نے کسی طاغوت کے سامنے نہیں جھکنا۔  انسانیت کو اگر خطرہ ہے تو وہ امریکہ سے ہے امریکہ دوسری جنگ عظیم میں ایٹم بم کا استعمال کر چکا ہے امریکہ سب سے بڑا شیطا ن ہے ۔

قاضی محمد شفیق پاکسان عوامی تحریک  کے رہنما نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری پوری دنیا میں امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت کے لئے کوشاں رہے ہیں ۔ ہمیں وحدت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور متشدد گروہ کی سوچ کی نفی کرنی ہے ۔ممبر اسلامی نظریاتی کونسل نسیم علی شاہ نے کہا کہ رسول خدا کا اسوہ پوری انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہے ۔ہمیں دشمن فرقہ واریت میں۔الجھانا چاہتا ہے  ہمیں تفرقوں کو مٹانا ہے اور تمام مسالک کو قریب لانا ہے ۔متحدہ جمعیت اہلحدیث کے رہنما ڈاکٹر عبدالمالک مجاہدنے کہا کہ  آج وحدت امت کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے ۔ آج امت ٹکڑوں میں بٹ چکی ہے اور ہر جگہ مار کھا رہی ہے ۔ہمیں اسلام کے مشترکات کو فروغ دینا ہو گا۔ مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین سید ناصر عباس  شیرازی ، پیر صفدر گیلانی سجادہ نشین دبارہ خواجہ فرید خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ ،عبدالغفار روکڑی صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان مولانا شجاع الملک رہنما جے یو آئی شیرانی ، عبداللہ حمید گل ، عبدالرشید ترابی ، علامہ حسنین گردیزی ، ملک اقرار حسین رہنما ایم ڈبلیوایم  اورقاری حسیب احمد نظیری  و دیگررہنماؤں  نے بھی  خطاب کیا ۔