اسحاق ڈار نے پرانے کام شروع کردیئے،اسد عمر


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے ہیر پھیر کے پرانے کام شروع کر دیئے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ آج ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کے دوران لڑائی جھگڑے اور مختلف علاقوں سے بے ضابطگیوں کی اطلاعات آئیں۔

اسد عمرنے کہا کہ کراچی کے ضمنی انتخابات میں سرکاری وسائل کو استعمال کیا گیا، رانا ثنا اللہ نے وزیر ہونے کے باجود اپنے حلقوں میں انتخابی مہم چلائی، الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، نوٹس ملیا، ککھ نہ ہلیا والی بات ہوتی ہے یا واقعی الیکشن کمیشن معاملے کے سنجیدگی سے دیکھتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پٹرول کی عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوئیں یہاں شب خون ماراگیا، اسحاق ڈار نے ہیر پھیر کے پرانے کام شروع کر دیئے ہیں، بجلی زیادہ موجود مگر قیمتیں جان بوجھ کر بڑھائی جارہی ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت معاشی صورتحال اور مہنگائی سے بڑھ کرایٹمی اثاثوں کی بات ہورہی ہے، ملک اس وقت بحران کا شکار اورشدید خطرات میں گھرا ہے۔

سابق وزیر نے کہا کہ 44 ماہ میں تحریک انصاف کے دور میں 51 روپے ڈالر بڑھا تھا، موجود حکومت کے 6 ماہ کے دوران ہی اب تک ڈالر 40 روپے مہنگا ہوچکا ہے، اعدادو شمار کے مطابق بجلی قیمتیں 45 فیصد کم ظاہر ہوئیں، اسحاق ڈار نے پرانے کام شروع کردیئے۔