امریکی صدر کے پاکستان سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان مسترد کرتے ہیں،سلیم مانڈوی والا


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ  امریکی صدر کے پاکستان سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان مسترد کرتے ہیں۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے امریکی صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا بیان سمجھ سے بالاتر اور گمراہ کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے جوہری حقائق سے متعلق بیان زمینی حقائق پر مبنی نہیں، پاکستان کا جوہری پروگرام موثر تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام محفوظ ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا امریکی صدر کے بیان سے متعلق امریکی سفیر کی طلبی سمیت بڑا واضح موقف سامنے آ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کو واضح کیا گیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے، دنیا کے امن کو پاکستان سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ ان ممالک سے خطرہ ہے جہاں جوہری سلامتی سے متعلق بار بار حادثات ہوئے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ امریکی صدر کے پاکستان سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتے ہیں۔