ضمنی انتخابات، مختلف شہروں میں کارکن آمنے سامنے، پولیس کیساتھ بھی جھگڑے


اسلام آباد(صباح نیوز)ضمنی انتخابات کے دوران مختلف شہروں میں پولنگ سٹیشنز کے باہر کارکن ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے، کہیں کہیں پولیس کیساتھ بھی جھگڑے دیکھنے کو ملے۔

پشاورمیں میونسپل گرلز انٹرکالج کے پولنگ سٹیشن میں تحریک انصاف کے ایم پی اے اوراے این پی کے کارکنوں میں تلخ کلامی ہو گئی، پولنگ سٹیشن میں تحریک انصاف کے ایم پی اے آصف خان کی آمد پرعوامی نیشنل پارٹی کے کارکن مشتعل ہو گئے۔کارکنوں نے ایم پی اے کے خلاف نعرے لگائے، اس دوران ایم پی اے اور اے این پی کے کارکنوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی، پولیس نے دونوں پارٹیوں کے سپورٹرز کو باہر نکال دیا۔کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پولنگ کا عمل وقتی طور پر تعطل شکار رہا تاہم پولیس کی مداخلت کے بعد پولنگ دوبارہ شروع کردی گئی۔

پشاورمیں ضمنی انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشن سٹی نمبر 1 شہید حسنین سکول میں بدنظمی کا واقعہ سامنے آگیا۔ پی ٹی آئی اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔پی ٹی آئی کارکنوں  نے الزام لگایا ہے کہ اے این پی کے کارکن نے پی ٹی آئی کارکن کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے دونوں کارکنان کو گرفتار کر لیا۔

ادھر فیصل آباد کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں خواتین کے امریکن مشن پرائمری سکول پولنگ سٹیشن18 اور 20 میں بد نظمی ہوئی، پی ٹی آئی کی خواتین اور پولیس کے درمیان جھگڑا ہوا اور پی ٹی آئی کی خواتین نے الزام لگایا ہے کہ پولس اہلکار ہمارے ساتھ بدتمیزی کررہے ہیں، ہمارے موبائل لے کر ہمیں ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیا جارہا۔

دوسری جانب ملتان میں پولنگ سٹیشن نمبر 72 میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے اور موبائل کے استعمال پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، پریذائیڈنگ آفیسر نے غیر متعلقہ شخص کو پولیس کے حوالے کیا، مذکورہ شخص کو خواتین کے پولنگ سٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔

ادھر فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو ئی، ضمنی الیکشن کے دوران موبائل فون کا پولنگ بوتھ پر استعمال ہو ا، ووٹر کی جانب سے اپنے من پسند امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرنے کی تصاویر وائرل ہو ئیں، شہری نے بیلٹ پیپر پر نشان لگا کر تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔