سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے بدھ کو وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال اور گوجر خان میں عوام کو توانائی کے حوالے سے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سپیکر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان عوام کا نمائندہ ادارہ ہے اور عوام کو پارلیمان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔پارلیمان عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موثر قانون سازی کر رہی ہے۔موجودہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔

سپیکر نے وزارت توانائی کی جانب سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا اور ہدایت کی کہ گوجر خان اور اس سے ملحقہ علاقوں کی عوام کو بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کیا جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

سپیکر نے بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے شمسی توانائی اور توانائی کے دیگر قابل تجدید ذرائع سے بجلی حاصل کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک میں توانائی بحران اور دیگر مسائل پر قابو پانے کے لیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ موجود حکومت عوام کو بجلی کی مد میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بجلی کی مد میں عوام کو 55 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے ۔ حالیہ سیلاب کے دوران بجلی کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے ۔سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو بجلی کی مد میں 10 ارب روپے کا ریلیف دیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے سپیکر کو گوجر خان میں بجلی کے حوالے سے عوام درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔