کیوں نہ ہم عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیں،الیکشن کمیشن


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیوں نہ ہم عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیں۔  ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے وکیل نوید انجم پیش  ہوئے جس پر ممبر جسٹس اکرام اللہ خان  نے کہا کہ آج ہم نے ملزمان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

اس موقع پر ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ کیوں نہ ہم عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیں جبکہ ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے صرف اسد عمر کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے سے روکا ہے۔

ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری نہیں کہ کون کہاں مصروف ہے جبکہ ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے ریمارکس دیتے ہوئے ہوئے کہا کہ قانون کا احترام سب پر فرض ہے، آپ الیکشن کمیشن کو کچھ نہیں سمجھتے، ہم اس معاملے پر مناسب آرڈر جاری کریں گے۔ ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ اس ادارے کے سہارے آپ وزیر اعظم ہائوس تک پہنچ جاتے ہیں لیکن یہاں پیش نہیں ہوتے ہیں۔

ممبر بلوچستان نے کہا کہ آئین میں الیکشن کمیشن کے جو اختیارات درج ہیں ان کو کوئی نہیں سلب کر سکتا ہے جبکہ ممبر کے پی کے نے بھی کہا کہ جو لوگ بڑی کرسیوں پر بیٹھتے ہیں وہ کمیشن کو چھوٹی سی عدالت سمجھتے ہیں۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔