صدر مملکت نے سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی عبدالکریم العیسی کو ہلالِ پاکستان عطا کردیا


اسلام آباد (صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بین المذاہب کانفرنسوں، مکالموں اور اجلاسوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی معاشروں میں اعتدال پسندی ، امن اور سماجی و اقتصادی انصاف کے فروغ کو یقینی بنایا جائے ، ہندوستان کے مسلمانوں کو اسلامو فوبیا کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی سے ملاقات کے دوران کیا۔ پیر کو ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے سیکرٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی ، ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کو ہلالِ پاکستان عطا کیا۔ ہلال ِ پاکستان ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم کی جانب سے یتیم بچوں کی کفالت ، صحت ، سماجی شعبوں اور پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں عطا کیا گیا۔بعد ازاں صدر مملکت سے انہوں نے ملاقات بھی کی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسلامو فوبیا مسلمانوں کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے ، اسلام کے حوالے سے دنیا میں پائے جانے والے خوف کو دور کرنے کی ضرورت ہے ، اسلام دنیا کے لوگوں کے مابین امن، یکجہتی اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اقوام کے لوگوں کو اسلام کے حقیقی پیغام سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے دنیا میں اسلام کے حقیقی تصور اور ہم آہنگی کے پیغام کو اجاگر کرنے اور بین المذاہب کانفرنسوں، مکالموں اور اجلاسوں کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشروں میں اعتدال پسندی ، امن اور سماجی و اقتصادی انصاف کے فروغ کو یقینی بنائے جائے ، اسلامی معاشروں میں دہشت گردی اور عدم برداشت کے رحجانات کے خلاف صلاحیت میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

صدر مملکت نے ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان میں اسلام فوبیا کی جڑیں گہری ہیں اور اسکی ریاستی سطح پر سرپرستی کی جارہی ہے، ہندوستان کے مسلمانوں کو اسلامو فوبیا کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے رابطہ عالمی اسلامی کی عالم اسلام میں فلاح و بہبود کے لئے کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں اسلامی عجائب گھر کے قیام پر عملدرآمد کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میوزیم کی تکمیل سے لوگ حضور اکرم ۖ کی زندگی کے مختلف پہلوں کے بارے میں جان سکیں گے۔

صدر مملکت نے پاکستان کی انتہائی اہم مالی ضروریات اور سیلاب زدگان کی تکالیف کم کرنے کیلئے فراخدلی سے مدد فراہم کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری جنرل رابطہ اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سکالرز اور سول سوسائٹی کو اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے ۔ سیکرٹری جنرل نے دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ۖ کانفرنس سے صدر مملکت کے خطاب کو بھی سراہا۔