دو پارٹیوں کی رسہ کشی سے سیلاب متاثرین رل گئے، محمد حسین محنتی


کراچی/اوباوڑو(صباح نیوز) 08 اکتوبر 2022 امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاکہ دو پارٹیوں کی رسہ کشی سے سیلاب متاثرین رل گئے۔ موسم سرما کی آمد ہے اور لاکھوں لوگ اپنے گھروں واملاک سے محروم ہوکر روڈوں پر لاوارث پڑے ہوئے ہیں۔اس وقت سندھ کے لوگ مشکل ترین حالات سے دوچار ہیں مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی وفاق اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی اپنا بے حسی کا رویہ ترک کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوباڑو میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم الخدمت خیمہ بستی کادورہ، متاثرین سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا حزب اللہ جکھرو،امیر ضلع تشکیل احمد صدیقی، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ نا اہل و مفاد پرست قیادت نے ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کو بہکاری اور آئی ایم ایف کا غلام  بنا دیا۔حکمران کشکول  لیے دنیا میں گھوم رہے ہیں۔ سندھ کے 61 ایم این اے 20 سینیٹر اور 130 ایم پی ایز میں کسی کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ اپنے ایک بنگلے یا اوطاق کو خیمہ بستی میں تبدیل کرکے متاثرین کو پناہ دیں جوکہ ان کی بے حسی اور عوام کے مسائل سے عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جماعت اسلامی اللہ اورعوام کی جماعت ہے۔ جماعت اسلامی کراچی تا کشمور رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی بنیاد پر سیلاب متاثرین سمیت مظلوم عوام کی خدمت کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی والے تو نااہل اور ناتجربیکار تھے لیکن تجربے کے دعویدار اتحادی حکومت نے گذشتہ چھ ماہ میں مہنگائی، معاشی بربادی کے سوا عوام کو کچھ بھی نہیں دیا، رہی سہی کسر سیلاب نے پوری کردی ہے، چاروں صوبوں میں سب سے زیادہ مہنگائی سندھ میں ہے جس کی وجہ یہاں کے کرپٹ ترین حکمران ہیں،وفاقی حکومت جو آئے روز بیانات جاری کرتی ہے کہ معاشی حالات بہتر ہورہے، ڈالر کی قیمت میں کمی ہورہی ہے انہیں چاہئے کہ مہنگائی کیخلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے عوام کو جینے کا حق دیا جائے معاشی حالات کو بہتر کرنے کی بیانات کی بجائے عملی طور پر مضبوط میکنزم ترتیب دیکر عوام کو مہنگائی کے سیلاب سے نجاد دلائی جائے۔