نواز شریف کی خواہش پر کوئی تعیناتی نہیں ہو گی،شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی خواہش پر کوئی تعیناتی نہیں ہو گی،نومبر سے پہلے فیصلے ہوں گے ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ساری قوم عمران خان کی کال کی منتظر ہے،اہم دن ہوگا، لوگ پہاڑوں سے اتریں گے، 27کلومیٹر پر حکومت کرنے والو، اگر کوئی جانی نقصان ہوگیا تو بھاگ نہیں پا ئوگے، اجرتی قاتل کہہ رہا ہے ڈرون سے حملے کریں گے،سب کو کہتا ہوں ملبہ پولیس یا سکیورٹی فورسز پر نہیں کسی اور پر گرے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سے بڑا کیا عدم اعتماد ہے کہ کراچی میں لوگ چوراہوں پر مارے جارہے ہیں ،ہمارے شہر میں دہی کی دکانوں پر لوگوں کو لوٹا جا رہاہے۔پاکستان تاریخ کے تشویشناک وقت سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ڈرون سے بم گرائیں گے خدا کا خوف کرو۔پولیس بھی ہماری اور ایف سی بھی پاکستان کی ہے۔اسلام آباد میں کوئی جانی نقصان ہوا تو کون ذمہ دار ہوگا ؟۔انہوں نے کہا کہ 15 نومبر سے پہلے فیصلے ہوں گے، انہیں جانا ہے، شہبازشریف تو 90 کے زاویے سے لیٹا ہوا ہے، ڈیل ناکام ہوگی، نوازشریف کو مایوسی ہوگی ، شہباز شریف کے اتنے بدبودار کپڑے ہیں کہ کوئی اتارے گا ہی نہیں، شہبازشریف کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے فیصلے میرٹ پر ہوں گے، ذمہ داران میرٹ پر فیصلے کریں گے، نوازشریف کی خواہش پر کوئی تعیناتی نہیں ہوگی۔